ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا بدنام زمانہ گوانتانامو بے جیل کو دوبارہ فعال بنانے کا فیصلہ ، ایگزیکٹیو آرڈ پر دستخط

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا بدنام زمانہ گوانتانامو بے جیل کو دوبارہ فعال بنانے کا فیصلہ ، ایگزیکٹیو آرڈ پر دستخط

Thu, 01 Feb 2018 20:04:06    S.O. News Service

واشنگٹن ،یکم ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدنام زمانہ گوانتانامو بے جیل دوبارہ فعال کرنے کا اعلان کیا ہے۔گزشتہ روز اپنے پہلے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں امریکی صدر نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گوانتا ناموبے جیل کو دوبارہ فعال کرنے کے حوالے سے ایگزیکٹیو آرڈ پر دستخط کردیے ہیں اور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کو حکم دیا ہے کہ وہ اس جیل کو دوبارہ کھولنے سے متعلق جائزہ لیں۔خیال رہے کہ ٹرمپ نے اپنی صدراتی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ اس جیل کو دہشت گردوں سے بھردیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ کیوبا میں قائم گوانتانامو بے جیل دوبارہ فعال کرکے اپنا ایک اور وعدہ پورا کررہے ہیں جب کہ ماضی میں داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی سمیت سیکڑوں کی تعداد میں خطرناک دہشت گردوں کو آزاد کرنا بہت بڑی بے وقوفی تھی، ہم نے ان دہشت گردوں کو آزاد کیا اور آج وہ ہمارے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے سابق امریکی صدر جارج بش نے 2002 میں گوانتانامو بے جیل کیوبا میں قائم کی تھی اور اس میں 779 قیدیوں کو رکھا گیا تھا جب کہ سابق صدر بارک اوباما نے سیکڑوں قیدیوں کو آزاد اور دیگر جیلوں میں منتقل کردیا تھا مگر وہ اپنے دور حکومت میں جیل کو مکمل طور پر بند کرنے میں ناکام رہے تھے اور ستمبر 2017 تک گوانتانامو بے میں 41 قیدی موجود تھے۔


Share: